وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کسانوں کے لئے سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وزیر آبپاشی کاظم پیرزادہ نے ملاقات کی جس کے دوران محکمہ انہار کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نظام آبپاشی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران کاشتکاروں کو ٹیل تک پانی کی بروقت فراہمی کی تجاویز پر غور کیا گیا اور صوبہ بھرمیں کھالوں کو پختہ کرنے کے پروگرام پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 10 ارب کی لاگت سے 1200 کھالے پکے کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں صوبہ بھر میں 7 ہزار کھالے پکے کیے جائیں گے اور انشاء اللہ آئندہ 5 سالوں میں کھالوں کو پختہ کر دیا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کھالے پکے ہونے سے نہروں کی ٹیل پر بھی کاشتکاروں کو وافر پانی دستیاب ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نہری پانی کی چوری برداشت نہیں ہے اور اس کے سدباب کے لئے موثر کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کاظم پیرزادہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی قیادت میں کابینہ اور ٹیم عوامی فلاح وبہبود کے لئے دن رات کام کر رہی ہے، کاشتکار کی فلاح وبہبود کا مشن پورا کریں گے۔