پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا کہنا ہے کہ دیگر معاملات اپنی جگہ مگر پاکستانی اور بھارتی عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کےلیے محبت موجود ہے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے وارم اپ میچ پر اظہار خیال کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ انڈیا میں کھیلنا،پرفارم کرنا اورملک کانام روشن کرنا یہ ناقابل بیان احساس ہوتاہے، انشاء اللہ امید ہے کہ پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔
محمدرضوان کا کہنا تھا کہ انڈیا میں جیسا استقبال ہوا،اس کا اندازہ تھا، ہم باہر بھی جب کھیلنے جاتے ہیں تو انڈین پیار سے ملتے ہیں، اسی طرح پاکستانی شائقین بھی انڈین کھلاڑیوں سے پیار کرتے ہیں۔ مزید کہا کہ بھارت پہنچے پر ایئر پورٹ سے جیسے باہر نکلے اور عوام کا جوش وخروش دیکھ کر ایسا لگا کہ شاید ہم ورلڈکپ جیت کر کراچی یا لاہور ایئر پورٹ پر اترے ہیں۔ انشاءاللہ انڈین ٹیم جب پاکستان آئے گی تو پاکستانی عوام انہیں اس سے کہیں زیادہ محبت دے گی۔
محمدرضوان نے کہا کہ وارم اپ میچزکا مقصد یہی ہوتا کہ جہاں کمی ہواس کو دورکریں، نیوزی لینڈکےخلاف ہم نے کئی تجربات کئے، میچ میں اچھی چیزیں بھی ملیں اور کچھ چیزوں کی بہترکرنے کی ضرورت بھی محسوس ہوئی، میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹارگٹ حاصل کیا مگر شاہین کے10،حارث کے6،شاداب اور افتخار کے اوورز بھی نہیں تھے۔ بیٹنگ ہم نے اچھی کی، حسن علی نے بھی اچھی باؤلنگ کی، فیلڈنگ میں ہمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے، جس کی وجہ سے میچ ہارے۔