فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) نے کہاہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے آن لائن جمع کرانے کیلئے ایف بی آر کا نظام احسن اندازمیں کام کررہاہے، ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو لکھے گئے مکتوب میں کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے جو بعض مسائل اٹھائے وہ یا تو ٹیکس سال 2023 کے ریٹرن فائل کرنے سے متعلق نہیں یا انہیں پہلے ہی حل کیا جا چکا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف بی آر نے کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن سمیت ٹیکس دہندگان اور ان کے نمائندوں کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو بروقت حل کرنے کیلئے برق رفتاری سے کام کیا اوراس حقیقت کا اعتراف پاکستان ٹیکس بار اورکراچی ٹیکس بار نے ایف بی آرکے ساتھ اپنے مختلف خط و کتابت میں تحریری طور پر بھی کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سال اب تک کسی کی طرف سے سسٹم کی سست روی یا سسٹم کی خرابی سے متعلق کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا جو آئرس نظام پر ریٹرن فائل کرنے کی ہموار کام کی عکاسی کررہاہے ۔ترجمان نے کہاکہ کراچی ٹیکس بارایسوسی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل اور ان کے حل کی تفصیلات بھی ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔