وزیر اعظم شہباز شریف سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی جس کے دوران تجارت ، معیشت ، سیکیورٹی ، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران افغانستان میں دیرپا امن اور ترقی کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ازبک وزیر خارجہ نے ازبک صدر کی طرف سے وزیراعظم کو دورے کی دعوت بھی دی جس پر انہوں نے ازبک صدر شوکت مرزیوف کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ازبکستان کے ساتھ منصوبے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی دینے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے پر زور دیا گیا اور ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
اس سے پہلے ازبک وزیر خارجہ وزارت خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اُن کا استقبال کیا۔
ازبک وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک میں مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان ازبکستان کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔