وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ترکمانستان اور قازقاستان کے سفیروں نے ملاقات کی ہے جس کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔
بدھ کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ترکمانستان کے سفیرعطاجان نورلیویچ مولاموف سے ملاقات ہوئی جس کے دوران ترکمانستان اور پنجاب کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا پنجاب میں توانائی، انڈسٹری، لائیو سٹاک اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے بھی ملاقات کی جس کے دوران قازق سفیر نے شہدا کے بچوں کیلئے قازقستان میں پڑھائی کے لئے سکالرشپ کا اعلان کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو دورہ کی دعوت جو انہوں نے قبول کرلی۔
ملاقات میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
علاوہ ازیں تھیلیسیمیا سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا ہمیں پاکستان کو تھیلیسیمیا فری ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔