وفاقی وزیرداخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بہت جلد بلوچستان میں کرکٹ کے قومی اور بین الاقومی میچز ہوں گے ، کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس نصب کررہے ہیں ۔
کوئٹہ میں سابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ترقی کے سفر میں بلوچستان کا بہت اہم کردار ہے ، دورہ کوئٹہ کے موقع پر بلوچستان کے بہت سے مسائل پر بات ہوئی ۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے ملاقات میں خصوصی طور پر بلوچستان میں کرکٹ کو بحال کرنے کو کہا ہے، اس لیے ہم فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ تین ماہ میں کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی تاکہ بلوچستان میں قومی اور بین الاقومی میچز ہوسکیں ۔
وفاقی وزیرداخلہ نے سرفراز بگٹی اور انوارالحق کاکڑ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دو بھائیوں کے ہوتے ہوئے اب بلوچستان کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز بھی کوئٹہ میں کروانے پر بھی کام کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں کرکٹ آئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس یہاں کے عوام کا درینہ مطالبہ تھا، ہم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مشکور ہیں ، امید ہے جلد ہی بگٹی اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس نصب ہوں گی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں ، انشاء اللہ بہت جلد یہاں پر کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے ۔