وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سامنے مہنگائی کا شدید مسئلہ ہے ، قرضوں کا جال موت کا پھندا بن گیا ہے، ہم وسیع پیمانے پر اصلاحات کرنے جا رہے ہیں ، ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے اور یہ مشکل ہے مگر ناممکن نہیں۔
عالمی اقتصادی کونسل کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گیس کے ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں ، آلودگی میں بہت کم حصہ ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور عالمی منڈی میں مہنگائی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک متاثر ہوئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سمیت دوست ممالک نے پاکستان کی مدد کی۔
وزیر اعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر توانائی ، وزیر اقتصادیات ومنصوبہ بندی اور وزیرماحولیات و پانی و زراعت نے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر سی ای او آرامکو اور چیئرمین اے سی ڈبلیو اے پاور بھی سعودی وزیرتوانائی کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
ملائشین ہم منصب سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم سے بھی ملاقات ہوئی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا جبکہ اردو میں کلمات ادا کرنے پر شہبازشریف نے ملائیشین وزیراعظم کی ستائش بھی کی۔
بل گیٹس سے ملاقات
وزیراعظم شہبازشریف سے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی نے بھی ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور بل گیٹس کو دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دے دی۔
سعودی ولی عہد
دورہ سعودیہ میں وزیراعظم نے اتوار کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی تھی جس میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ سمیت علاقائی اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔