سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کا آج سے آغاز ہوگا۔ معیشت اور مشرق وسطیٰ سمیت دیگرعالمی بحران زیربحث آئیں گے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اجلاس کے سرپرست ہوں گے۔
سعودی عرب میں پہلی بار ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں 92 ممالک کے رہنما اور نمائندے شریک ہوں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کیلئے ریاض پہنچ گئے۔ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
فلسطینی صدر محمود عباس، راونڈا اور نائجیئریا کے صدور بھی سعودی عرب پہنچے ہیں۔ دیگر عالمی رہنما آج پہنچیں گے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سمیت دیگراہم شخصیات آئیں گی۔
عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں مشترکہ عالمی چیلنجز کے دیرپا حل پر بات ہوگی، سیاسی رہنما پائیدار ترقی، مصنوعی ذہانت، ورچوئل کرنسیوں اور ذہنی صحت پر آرا پیش کریں گے۔
پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سیلاب اورماحولیاتی چلینجز کے موضوع پر مباحثے میں شرکت کریں گے، ترکیہ، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ مشرق وسطیٰ کے بحران پربات کریں گے۔