وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی پاک سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے وفد نے ملاقات کی جس دوران دو طرفہ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے سعودی وفد کی قیادت مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکرٹری کونسل محمد بن مزیادآل تویجری کر رہے تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ معاشی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ محمد بن مزیاد نے کہا سعودی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان کے بعد سرمایہ کاری پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر سرکاری و نجی سیکٹرزکی سرمایہ کاری شامل ہے۔ سعودی تاجروں وسرمایہ کاروں کا اہم وفد بھی جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔۔ آل تویجری نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ دو طرفہ معاشی تعلقات سعودی عرب کے ویژن دوہزار تیس کےتناظر میں آگے بڑھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان سعودی عرب کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتا ہے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران سرمایہ کاری سے متعلق نمایاں پیشرفت ہوئی۔ وزیراعظم نے پر تپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ شہبازشریف 2 روزہ دورے پر وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں وہ 28 اور 29 اپریل کو ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق شہبازشریف کا استقبال ریاض کے ڈپٹی گورنر محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے کیا ، شہبازشریف کے ہمراہ پاکستانی سفیراحمدفاروق اوردیگرسفارتی افسران بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب جانے والے وفد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وزیراطلاعات عطا تارڑ شریک ہیں ۔ وزیراعظم اوروفاقی وزراعالمی اقتصادی فورم کے مباحثوں میں شریک ہوں گے، مباحثوں میں سرمایہ کاری فریم ورک،سپلائی چینزکی تجدیدپرتبادلہ خیال ہوگاجبکہ پائیدارترقی اورتوانائی سےمتعلق بھی مشاورت کی جائے گی۔