بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں جن میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متحد ہو جائیں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی ،ریزسٹنس یوتھ فورم جموں و کشمیر، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ ، نوجوانان حریت جموں و کشمیر اور دیگر حریت پسند تنظیموں کی جانب سے ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کئے گئے پوسٹرز میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور بھارتی حکومت کی ہندوتوا دہشت گردی کے خلاف اجتماعی طور پر اٹھ کھڑے ہوں۔
پوسٹرز میں کہا گیا کہ بھارت کی ہندوتوا حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے اور اس کی ایجنسی را نے سفارت کاروں کے بھیس میں دوسرے ممالک میں دہشت گردی پھیلا کر کشمیری مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کا قتل عام شروع کر دیا ہے۔
پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے ہندوتوا حکمران اور ان کی افواج کشمیریوں، مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں، دلتوں اور دیگر اقلیتوں کے سیاسی حقوق سلب کرنے کے علاوہ ان برادریوں کے افراد کو قتل کر رہی ہیں۔
پوسٹر میں لکھا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی آواز پر بھارتی فوجی اسٹیبلشمنٹ جبری خاموشی مسلط کر رہی ہے، بھارت میں اقلیتوں پر مودی سرکار کی دہشت گردی اور اب آزاد کشمیر، پاکستان اور کینیڈا میں سکھوں اور کشمیری مسلمانوں کے قتل عام کے پیچھے اس کی ہندوتوا کا ہاتھ ہے‘‘۔
پوسٹرز میں کہا گیا کہ دنیا کو ہندوتوا کے نظریے پر بنائی گئی مودی حکومت کا محاسبہ کرنا چاہیے، کشمیری اور سکھ پرامن طریقوں سے اپنے سیاسی حقوق چاہتے ہیں۔