اسرائیل کی جانب سے عیدالفطر کے روز بھی فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے رہائشیوں نے مہاجر کیمپوں میں کھلے آسمان تلے عید منائی اور ملبے کا ڈھیر بنی مساجد پر نماز عید ادا کی جبکہ لٹے پٹے مہاجرین نے کیمپوں میں روایتی پکوان بنائے اور شہید ہوجانے والے پیاروں کو یاد کرکے روتے رہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورسز ( آئی ڈی ایف ) نے عیدالفطر کے روز بھی فلسطین کے مختلف علاقوں میں نہتے شہریوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 122 فلسطینی شہید ہوئے۔
وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 33 ہزار 482 ہوگئی ہے جبکہ 76 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 56 فلسطینی زخمی بھی ہوئے جس کے بعد زخمیوں کی مجموعی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والوں میں تقریباً 14,500 بچے اور 9,500 خواتین شامل ہیں۔
ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ ایک اندازے کے مطابق 8000 افراد لاپتہ ہیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ بم زدہ عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔