اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کو متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے بشری بی بی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ہفتے میں ایک روز اور بالخصوص عید پر ملاقات کرانے کے فیصلے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے بشری بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے کہا ہم نے تو جیل ملاقات کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹادی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اسی آرڑ پر عمل درآمد کی درخواست دی ہے۔ ع
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا عدالتی احکامات کیسے نظر انداز کئے جاسکتے ہیں؟ توہین عدالت کی درخواست دیں ہم کارروائی کریں گے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حکم دیا کہ چیف کمشنر آفس اور جیل اتھارٹیز سمیت متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے رپورٹ پیش کریں کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی بھی جمع کرائیں۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر بشری بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہفتہ وار ملاقات کرانے کی ہدایت کی تھی اور عید پر ملاقات کرانے کا بھی حکم دیا تھا، عدالت نے حکم دیا کہ یہ بھی بتایا جائے عدالتی فیصلے پر ابھی تک عمل کیوں نہیں کیا گیا؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے دونوں طرف سے سیاست ہو رہی ہے، عید کے بعد کیس سن کر فیصلہ کریں گے۔