الیکشن کمیشن نے کل ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ صبح 9 سے شام 4 بجےتک ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں کل ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسمبلی ہال کو سینیٹ الیکشن کیلئے استعمال کرنے کی تحریک بھی منظور کی جائے گی۔ بیلٹ پیپر سمیت انتخابی سامان کی ریٹرننگ افسر تک ترسیل کا عمل مکمل ہوگیا۔
سینیٹ انتخابات کے لیے 4 مختلف رنگوں میں بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، جنرل نشستوں کیلئے سفید پیپرز، ٹیکنوکریٹ نشستوں کیلئے سبزبیلٹ پیپرہیں، خواتین کی نشستوں کیلئے گلابی، اقلیتی نشستوں کیلئے پیلے رنگ کے بیلٹ پیپرز ہیں۔
خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی سے تمام 11 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، پنجاب اسمبلی سے7 جنرل نشستوں پربھی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے۔
اسلام اباد سے جنرل اور ٹیکنوکریٹ نشست پر دو، دو امیدوار، پنجاب سے خواتین کی نشستوں پر4، ٹیکنوکریٹ اور علما کی نشست پر 3 امیدوار مدمقابل ہیں، پنجاب سے اقلیتی نشست پر 2 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
سندھ سے جنرل نشستوں پر 11 اور خواتین نشست پر 3 امیدوار ہیں، سندھ سےٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر 4 اور اقلیتی نشست پر 2 امیدوار ہیں۔ خیبرپختونخوا سے جنرل نشستوں پر 16، خواتین نشست پر 4 امیدوار ہیں۔ کے پی سےعلما اورٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر6 امیدواروں کےدرمیان مقابلہ ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف نہ لیا گیاتو خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات ملتوی ہوں گے۔