خیبر پختونخوا کابینہ نے صوبے کے مستحق افراد کو عید پیکج دینے کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے مستحق افراد کو عید پیکج دینے کی منظوری دیدی گئی۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے سربراہی میں ساڑھے 8 ارب روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کر چکے ہیں۔ رمضان پیکیج سے 5لاکھ خاندان براہ راست مستفید ہو چکے ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ ایسے مستحق افراد جو احساس پروگرام میں رجسٹرڈ نہیں تھے ان کے لئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے عید پیکج کا اعلان کیا ہے۔ پیکج کے تحت صوبائی اسمبلی کے ہر حلقے میں ایک ہزار مستحق افراد کو 10، 10 ہزار روپے دئے جائیں گے۔ اس پیکج پر 1.15 ارب روپے لاگت آئے گی۔
دوسری جانب وزیراعلی خیبر پختونخوا نے پولیس شہداء کے 2050 خاندانوں کیلئے بھی 10ہزار روپے عید پیکج کا اعلان کیا ہے۔