پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط سے متعلق انکوائری کمیشن ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں بنانے کا اعلان مسترد کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے متعلق انکوائری کمیشن کے اعلان پر غور کیا گیا۔
لازمی پڑھیں۔ ایگزیکٹو کی عدلیہ کے معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، چیف جسٹس
اعلامیے میں حسّاس ترین معاملے پر چیف جسٹس کی وزیراعظم سے ملاقات پر اظہار تشویش بھی کیا گیا جبکہ معاملہ عدالتِ عظمیٰ کے لارجر بنچ کے سامنے رکھنے کا مطالبہ بھی دہرایا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سنجیدہ ترین مراسلے کی ریٹائرڈ جج کے ذریعے تحقیقات ایک بھونڈا مذاق ہے، حکومت کسی قسم کی تحقیقات کرانے کے قابل ہے نہ ہی اس کی کوئی ساکھ ہوگی۔
کور کمیٹی نے ہائیکورٹ کے ججز کے مطالبے کی روشنی میں جوڈیشل کانفرنس طلب کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔