امریکا نے پاکستان اور ایران کے درمیان ہونے والے گیس پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کردی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم پاکستان اور ایران کے درمیان پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھانے کے حق میں نہیں ہیں اور ہم سب کو مشورہ دیتے ہیں کہ ایران سے تجارت میں ’’ رسک ‘‘ ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے شانگلہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور حملے کے متاثرین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے پاکستان کے شہری بھی متاثر ہیں، کسی بھی ملک کو دہشت گردی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا مذاکرات کی ناکامی کو سلامتی کونسل کی قرارداد سے جوڑنا غلط ہے، حماس کے مطالبات قرار داد سے پہلے پیش کیے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کی رہائی کے لیے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔