پاکستان کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی کے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
پیر کے روز فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جاری جنگ کے حوالے سے منعقدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
14 ممالک نے جنگ بندی کی قرارداد کے مسودے کی حمایت کی جبکہ امریکا نے اس بار قرارداد کو ویٹو کرنے سے گریز کیا اور ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد کی منظوری پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق غزہ میں انسانی امداد کی آزادانہ اجازت اور رکاوٹوں کو ہٹانے کے مطالبے کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان نے متعدد بار اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔
لازمی پڑھیں۔ سلامتی کونسل نے پہلی بار غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کر لی
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی منظور کی گئی قرارداد پر تیزی سے عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ یہ قرارداد مستقل جنگ بندی یقینی بنانے کیلئے پہلے قدم کے طور پر کام کرے گی، پاکستان مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے اپنی حمایت جاری رکھےگا۔
اسحاق ڈار کا ردعمل
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی قرارداد کا خیرمقدم کرتا ہے ، قرار داد میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ہم قرار داد پر فوری عمل درآمد پر زور دیتے ہیں۔