صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مسلح افواج کسی بھی جارحیت کیلئے تیار ہیں۔
اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کے شرکاء سے خطاب میں صدرمملکت آصف زرداری نے کہا کہ آج کادن ہمارے لیے قومی اہمیت کاحامل ہے، آج کےدن برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا، قائداعظم کی قیادت میں آزاد، خود مختارریاست کے حصول میں کامیابی ملی، آزادی کیلئے قربانیاں دینے والے قائدین، شہداء، غازیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدرآصف زرداری نے شاندار پریڈ پرپریڈ کمانڈر اور آرگنائزرز کو بھی مبارکباد دی۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کویوم پاکستان مبارک ہو، عہد کرتے ہیں پاکستان کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، کسی بھی قوت کو پاکستان کو غیرمستحکم نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کےبعد ملک میں جمہوری حکومت قائم ہوچکی، ہماری ذمہ داری ہے تمام مشکلات کامل کرحل نکالیں، سیاسی جماعتیں ملکی مفادات کیلئے اختلافات ایک طرف رکھ دیں، ہمیں یقین ہےپاکستان کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔ ایس آئی ایف سی منصوبہ ملکی ترقی کیلئے مثبت ثابت ہوگا، ایس آئی ایف سی سےملک میں ترقی آئے گی، نوجوان پاکستان کی ترقی اور روشن مستقبل کے امین ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ دوست ممالک نے ہرمشکل گھڑی میں ہماراساتھ دیا، چین، سعودی عرب، یواےای، ترکیہ، دیگردوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مزید کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کاخواہاں ہے، پاکستان کےعوام فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری معصوم فلسطینیوں کاقتل عام بند کرائے۔
صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کےعوام ہمیشہ کشمیریوں کےساتھ کھڑےہیں، بھارتی حکومت کشمیریوں پرمظالم کررہی ہے، مقبوضہ کشمیرمیں قتل عالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضہ ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بڑھتی آبادی، ماحولیاتی تبدیلی،بے روزگاری، غربت بڑے چیلنجز ہیں، پاکستان کومعاشی،سماجی، سیاسی چیلنجز کاسامناہے، قوم قیام پاکستان سے اب تک مختلف نشیب وفرازسے گزری ہے، عہد کرتے ہیں پاکستان کو اپنی جان سےزیادہ عزیزرکھیں گے۔