وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس اگلے ہفتے طلب کر لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل کاونٹر ٹیررازم اتھارٹی ( نیکٹا ) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں اہم اجلاس ہوا جبکہ اجلاس میں متعدد بڑے فیصلے بھی کئے گئے۔
سربراہ نیکٹا رائے طاہر نے اجلاس کو ادارے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی جبکہ وزیر داخلہ نے تمام صوبائی سی ٹی ڈیز کی استعدادکار سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نیکٹا کی جدید خطوط پر تنظیم نو کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف پیشگی ایکشن لینا زیادہ اہم ہے ، سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے، اب عملی اقدامات کرنا ہوں گے، کسی دہشت گرد تنظیم کو معافی نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسند نظریے کیخلاف پاکستانی قومی بیانیہ کی بڑے پیمانےپر ترویج کرنا ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔