پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی نااہلی کی درخواست پر کارروائی معطل کر دی۔
پشاور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے درخواست پر سماعت ہوئی، پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجازا نور اور جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کی علی امین گنڈا پور کے خلاف نااہلی کی کاروائی معطل کرکے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ ابھی تو صرف نوٹس جاری ہوا ہے، کاروائی تو نہیں شروع ہوئی، کیا الیکشن کمیشن کے پاس یہ معاملہ پہلے سے زیرسماعت تھا؟ ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب تو کسی ادارے کے پاس اختیار نہیں کہ وہ کسی کو صادق اور امین قرار دے۔
یاد رہے کہ 12 مارچ کو الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو نااہل قرار دینے کی درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے 2 رکنی بینچ نے مختصر تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی خان میں 735 کنال زمین علی امین گنڈاپور کے نام پر عارضی طور پر ٹرانسفر کی گئی، زمین کے اصل مالک آصف خان تھے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا کیخلاف اثاثے چھپانے کی درخواست الیکشن کمیشن کو دی گئی تھی۔