جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہماری جماعت اگر اقتدار میں آئی تو وڈیروں پر ٹیکس لگائے گی اور غریبوں کو ریلیف دے گی۔
خوشاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں اس وقت مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے، نگران حکومت نے مہنگائی میں دگنا اضافہ کر دیا ہے، حکومت کے پاس مہنگائی کم کرنے کا اختیار نہیں تو زیادہ کا حق کس نے دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم عالمی مالیاتی اداروں کے غلام بن گئے ہیں، پانچ سالوں میں جن پارٹیوں نےحکومت کی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے غلام بنے رہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں صاف شفاف الیکشن انتہائی ضروری ہیں، اگر شفاف الیکشن نہ ہوئے تو جماعت اسلامی ان کے خلاف کھڑی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سمیت تمام جماعتوں نے عوام کو دھوکا دیا ہے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، غریب دوست جماعت کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو وڈیروں پر ٹیکس لگائے گی اور غریبوں کو ریلیف دے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک میں ٹوورازم کو فروغ دے کر سرمایہ اکٹھا کر سکتے ہیں۔