پشاور ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کے خلاف کارروائی سے روک دیا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ میں اداروں کے خلاف مہم چلانے کے الزام میں ایف آئی اے نوٹس کیخلاف ایم این اے شاندانہ گلزار کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے ایف آئی اے کو شاندانہ گلزار کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اس درخواست کے دائرہ اختیار پر ہمیں اعتراض ہے، یہ نوٹس لاہور سے ان کو ایشو ہوا، جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیے کہ لاہور ایف آئی اے اس صوبے کے رہائشی کے خلاف کیسے انکوائری کرتا ہے، کیا ایف آئی اے آفس صرف لاہور میں ہے کسی اور جگہ پر نہیں ہے۔
جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا کہ ہمیں بتا دیں انھوں نے کیا خلاف ورزی کی ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ انھوں نے قومی اداروں کے خلاف تقریر کی ہے، عدالت کا فریقن سے جواب طلب کرکے مزید سماعت 25مارچ تک ملتوی کردی۔