وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے دوران اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کے جرم میں ملوث خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار کئے جانے والے ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے کروڑوں روپے بٹورے، ملزم ظفر اقبال نے شہری کو برطانیہ ملازمت کا جھانسہ دے کر 71 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے اور خاتون ملزمہ نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے شہری کو برطانیہ ملازمت کا جھانسہ دے کر 82 لاکھ روپے ہتھیائے۔
گرفتار ملزمہ متعدد مقدمات میں مطلوب تھی اور ملزمان پیسے وصول کر کے روپوش ہوگئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔