وفاقی وزیراحسن اقبال نے تحریک انصاف کی قیادت سے تلخیاں ختم کرکے ملک کیلئے مثبت سیاسی کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کردی ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ملک اس وقت قرضوں پر چل رہا ہے، پاکستان کو معاشی مسائل سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے،تجربہ کار اور باصلاحیت وزراء پر مشتمل وفاقی کابینہ عوامی توقعات پر پورا اترے گی ۔
ان کا کہنا تھا سی پیک پاکستان کے لیے بہت بڑا موقع ہے، چین سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے لیے تیار ہے ، ہم سی پیک کے فیز ٹو کو حقیقت کا روپ دیں گے، پوری قوم کی نظریں دو ہزار سینتالیس پر ہونی چاہئیں ، یہ ایک بڑا چیلنج ہے ملک کے سو سال مکمل ہونے پر کیا ہم اپنی ترقی پر ناز کرسکیں گے؟
احسن اقبال نے پی ٹی آئی قیادت سے سنجیدہ سیاسی کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ملک اب انتشار،فساد اور محاذ آرائی کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا ، تحریک انصاف نے نظام کا حصہ بن کر انتخابی نتائج کو قبول کرلیا ہے ، تحریک انصاف سپیکر ، ڈپٹی سپیکر ، وزیراعظم اور صدر کے انتخاب میں حصہ لے کر انتخابی نتائج تسلیم کرچکی ہے۔
احسن اقبال نے کہا پی ٹی آئی اب تلخیاں ختم کرکے مثبت سیاسی کردار ادا کرے ، اب اس نظام کو برا بھلا کہنا دہرے معیار کا ثبوت ہے۔تحریک انصاف عرف سنی اتحاد کونسل مرکز میں اپوزیشن کے طور پر مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے ۔