کینیڈا اور بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی تنازعہ کے دوران ایک کینیڈین سکھ گروپ سکھ فار جسٹس نے اپنے اراکین اور حامیوں کو آئندہ ہفتے کینیڈا کے بڑے شہروں میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کرنے کی کال دی ہے۔
یہ کال کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے برٹش کولمبیا میں ایک ممتاز سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی حکومت کے ایجنٹسں کے ممکنہ ملوث ہونے کا اشارہ دینے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔
کینیڈا میں سکھ فار جسٹس کے ڈائریکٹر جتندر سنگھ گریوال نے بتایا کہ ان کی تنظیم ٹورنٹو، اوٹاوا اور وینکوور میں ہندوستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے باہر پیر کے روز مظاہروں کی قیادت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مظاہروں کا بنیادی مقصد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کینیڈا سے ہندوستانی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کینیڈا تقریباً 770,000 سکھوں کا گھر ہے جو ان کی آبائی ریاست پنجاب سے باہر سکھوں کی سب سے بڑی آبادی ہے۔