وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی ایئرلائن کی نجکاری پر عملدرآمد کیلئے حتمی شیڈول دو روز میں طلب کر نے کیساتھ ایف بی آر کی آٹومیشن کے نظام کے مجوزہ روڈ میپ کی اصولی منظوری دیدی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی آئی اے کی نجکاری اور ایف بی آر کی ری سٹر کچرنگ پر اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اب تک کی پیش رفت اور آئندہ کے مراحل پر غور کیا گیا ۔ جبکہ ایف بی آر کی آٹومیشن اور عالمی معیار کےمطابق ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور ٹیکس ریٹ میں کمی پر پیش کردہ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔
اجلاس میں سابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ایف بی آر کی ری سٹرکچرنگ ، آٹومیشن ، ریونیو کےحصول میں خامیوں کےمختلف پہلوؤں اور آئندہ کےلائحہ عمل پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم نےڈاکٹرشمشاداختر کی پریزنٹیشن کو جامع قرار دیتےہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا ۔ ممتاز بینکار محمد اورنگزیب وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔
وزیراعظم نے قومی ایئرلائن کی نجکاری پر عملدرآمد کیلئے حتمی شیڈول دو روز میں طلب کرنے کیساتھ ایف بی آر کی آٹومیشن کے نظام کے مجوزہ روڈ میپ کی اصولی منظوری ۔ جبکہ ریونیو اور ٹیکس کے نظام کو جدید بنانے کے لئے سرمایہ کاری لازم قرار دیتے ہوئے وقت کے واضح تعین کے ساتھ عمل درآمد کی ہدایت کر دی ۔
انہوں نے ٹیکس وصولیوں اور ریونیو سے متعلق عدالتوں میں زیرالتوا مقدمات اور قانونی تنازعات کے حل کے لئے وزارت قانون سے سفارشات طلب کر تے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے محنت کرنی ہے ، ضائع کرنے کیلئے ایک لمحہ نہیں ،اصلاحات کے بعد ہی 6 سے 7 فیصد جی ڈی پی کا حصول ممکن ہوگا ،
وزیراعظم شہبازشریف نے سختی سے ہدایت کی کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کےعمل میں کسی قسم کی سستی اورلاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ، تمام مراحل میں شفافیت کو سوفیصد یقینی بنایا جائے۔