نگران وزیر توانائی محمد علی کہتے ہیں چار پاور پلانٹس اور 10 ڈسکوز کی نجکاری پر بات چل رہی ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، 60 فیصد صارفین کو اضافے سے محفوظ رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ 4 پاور پلانٹس اور 10 ڈسکوز کی نجکاری پر کام کررہے ہیں، حویلی بہادر شاہ، بلوکی، گدو، نندی پور جنریشن پلانٹس کے نام نجکاری لسٹ میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے 3 آپشن زیر غور ہیں، پہلا آپشن کمپنیاں صوبوں کو دینا، دوسرا آپشن مکمل نجکاری اور تیسرا آپشن طویل المدتی معاہدے شامل ہیں، تینوں آپشن کابینہ کے سامنے رکھیں گے جو ماڈل منظور ہوا وہی فیصلہ ہوگا۔
نگران وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ کوشش ہے ڈسکوز کیلئے ایک ہی ماڈل اپنایا جائے، ڈسکوز میں بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، اس سلسلے میں ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کریں گے۔
محمد علی نے مزید کہا کہ گیس کے شعبے میں روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کام جاری ہے، گیس شعبے کا گردشی قرض 2800 سے 2900 ارب روپے ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گیس کے شعبے میں بہتری کیلئے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تاہم 60 فیصد صارفین کو اس اضافے کے اثرات سے محفوظ رکھا جائے گا۔