چیف آف آرمی سٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اسلام پرامن مذہب ہے جس میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چرچ آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی ہے جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نے قومی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا، بانی پاکستان قائداعظم کا ویژن تھا کہ ملک متحد ہو اور ترقی کرے، اسلام پرامن مذہب ہے جس میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مہذب معاشرے میں کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسیحی وفد نے دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔
وفد کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔
مسیحی وفد نے آرمی چیف کےاقلیتوں کیلئے کیے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔