ساتویں پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق 2024 اختتام پذیر ہوگئی،آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مشق کے شرکاء کو انفرادی اور ٹیم ایوارڈز سے نوازا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ساتویں پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق 2024 اختتام پذیر ہوگئی،یہ مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں 25 سے 27 فروری 2024 تک کی گئیں۔ آذربائیجان، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سعودی عرب اور میانمار نے بطور مبصر مشق کا مشاہدہ کیا
بیان کے مطابق مشق میں پاک فوج کی7 اور دیگر ممالک کی 15 ٹیموں نے حصہ لیا۔جن میں قطر، امریکہ، ازبکستان، سری لنکا، تھائی لینڈ ، ترکی، بحرین، اردن، قازقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش اور دیگر ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل عاصم منیر تھے، جبکہ تقریب میںبین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مشق کے شرکاء کو انفرادی اور ٹیم ایوارڈز سے نوازااورمشق میں حصہ لینے والی ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشق کا مقصدایک دوسرے کے تجربات کے ذریعے جنگی مہارتوں کو بڑھانا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ان مقابلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ ایسی مشقیں پاک فوج کے کردار ،عزم اور قابلیت کاخاصا ہے، ان سے پیشہ ورانہ فوجی اور حربی مہارتیں بہتر ہوتی ہیں،ایسے مقابلے جوانوں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بناتے ہیں۔