لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں قائم معروف شاپنگ پلازہ میں آگ لگ گئی۔
جمعرات کے روز ماڈل ٹاون کی معروف شاہراہ لنک روڈ پر قائم شاپنگ پلازہ میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کپڑوں، جوتوں اور جیولری کی دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
آگ نے گراونڈ فلور اور پہلی منزل کواپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ دکاندار جان پر کھیل کر اپنا سامان باہر نکالتے رہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، 12 فائر فائٹنگ اسنار کلز نے امدادی کاروائی کرتے ہوئے دو گھنٹے میں آگ پر قابو پایا، بلڈنگ میں دھواں بھرجانے سے فائر فائٹرز کی حالت بھی غیر ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) لاہور رافعہ حیدر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مکمل تحقیقات کا اعلان کیا۔
دو سال قبل اسی پلازے کی گلبرگ برانچ میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آچکا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پلازے میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سمیت متعلقہ حکام کو فوری پہنچنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔