ہندوستانی فوج کے ریٹائرڈ میجر گورو آریا نے دعویٰ کیا ہے کہ کینیڈا میں مقیم خالصتان تحریک کے مزید رہنماؤں کو قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ایک ویڈیو بیان میں گورو آریا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کینیڈا میں مقیم خالصتان تحریک کے رہنماؤں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
اپنے بیانات کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے گورو آریا کا کہنا تھا کہ ہردیپ سنگھ نجر کی متنازعہ موت کے بعد مبینہ طور پر مزید خالصتانی رہنماؤں کے قتل کا منصوبہ بنا جا رہا ہے۔
بھارتی فوج کے ریٹائرڈ میجر گورو آریا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں بھارت کی جانب سے کینیڈا میں مقیم خالصتان تحریک کے مزید رہنماؤں کو قتل کیا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے بھارتی ملٹری اسٹیبشمنٹ منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے۔#KhalistanReferendum pic.twitter.com/6tKEuKt1JV
— Malik Hassan (@mlikhasan) September 24, 2023
انہوں نے پیشگوئی کی کہ آنے والے دنوں میں ایک یا دو ممتاز خالصتانی رہنماؤں کو قتل کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گورو آریا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ کینیڈا اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت اور کینیڈا کے درمیان تنازع کینیڈین وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو کے الزامات کے بعد شروع ہوا جن میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کینیڈا کے شہری اور خالصتانی تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو ہندوستانی ایجنٹس نے کینیڈا کے اندر خالصتان ریفرنڈم مہم میں ملوث ہونے کی وجہ سے قتل کیا ۔
ان الزامات نے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ بڑھا دیا ہے اور ٹروڈو نے نجر کے قتل کے حوالے سے بھارتی حکومت سے جواب بھی طلب کیا ہے۔
دوسری جانب بھارت کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی گئی ہے۔