پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا حارث رؤف کے ایونٹ سے باہر ہونے پر ردعمل سامنے آگیا۔
یاد رہے کہ ہفتہ کے روز قذافی سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے دوران فاسٹ باؤلر حارث رؤف آخری اوور میں کیچ پکڑتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا تھا۔
اتوار کو ، سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں لاہور قلندرز کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف رواں سیزن سے باہر ہوگئے ہیں۔
لازمی پڑھیں۔ لاہور قلندرز کے باؤلر حارث رؤف پی ایس ایل 9 سے باہر ہوگئے
ترجمان لاہور قلندرز کے مطابق فاسٹ باؤلر کا کندھا ڈس لوکیٹ ہو گیا ہے اور انہیں مکمل فٹ ہونے میں چار سے چھ ہفتے لگ سکتے ہیں۔
فاسٹ باؤلر کے ایونٹ سے باہر ہونے پر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ حارث رؤف کی انجری کا بہت دکھ ہے، ایونٹ میں ان کی عدم دستیابی ہمارے لیے تکلیف دہ ہے، مجھے امید ہے کہ لاہور قلندرز کم بیک کرے گی۔
لازمی پڑھیں۔ حارث رؤف کے کندھے کی انجری کا سکین مکمل
شاہین نے کہا کہ ٹیم کے لیے یہ دھچکا تو ہے مگر وہ پاکستان کے بھی اہم باؤلر ہیں ، انہیں مستقبل کی کرکٹ کے لیے ری کور ہونے کا وقت دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حارث رؤف کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔