لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے کندھے کی انجری کا سکین مکمل کرلیا گیا۔
ہفتہ کے روز قذافی سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے دوران فاسٹ باؤلر حارث رؤف آخری اوور میں کیچ پکڑتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا تھا۔
اتوار کے روز لاہور قلندرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حارث رؤف کے کندھے کی انجری کا سکین مکمل ہوگیا ہے تاہم ، میڈیکل پینل فاسٹ باؤلر کی انجری کا جائزہ لے رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ حارث رؤف کی انجری کی مزید اپ ڈیٹ سکین رپورٹ آنے کے بعد دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) سیزن 9 کے 10 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی ، فاتح ٹیم نے 176 رنز کا ہدف اننگ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔