پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے اہم فاسٹ باؤلر حارث رؤف ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
ہفتہ کے روز قذافی سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے دوران فاسٹ باؤلر حارث رؤف آخری اوور میں کیچ پکڑتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا تھا۔
اتوار کے روز لاہور قلندرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حارث رؤف کے کندھے کی انجری کا سکین مکمل ہوگیا ہے تاہم ، میڈیکل پینل فاسٹ باؤلر کی انجری کا جائزہ لے رہا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ حارث رؤف کے کندھے کی انجری کا سکین مکمل
بیان میں کہا گیا تھا کہ حارث رؤف کی انجری کی مزید اپ ڈیٹ سکین رپورٹ آنے کے بعد دی جائے گی۔
بعدازاں، سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں لاہور قلندرز کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف رواں سیزن سے باہر ہوگئے ہیں۔
ترجمان لاہور قلندرز کے مطابق فاسٹ باؤلر کا کندھا ڈس لوکیٹ ہو گیا ہے اور انہیں مکمل فٹ ہونے میں چار سے چھ ہفتے لگ سکتے ہیں۔