بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور بشریٰ بی بی نے غیرشرعی نکاح کیس کے فیصلے کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں اپیل دائر کردی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے غیر شرعی نکاح کیس کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے اور سیشن عدالت کی جانب سے اپیلوں کو آج مارک کیا جائے گا۔
فیصلے کے خلاف دائر کی جانے والے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سول جج قدرت اللہ کی جانب سے 2 فروری کو سنایا گیا فیصلہ حقائق کے خلاف ہے، دائرہ اختیار کی درخواست کو بغیر کوئی وجہ بتائے مسترد کر دیا گیا، سول عدالت نے ٹرائل درست طریقے سے نہیں چلایا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار خاور مانیکا نے 6 سال بعد شکایت دائر کی، ایسی ہی درخواست اس سے قبل دوسرے شکایت کنندہ کے ذریعے بھی فائل کی گئی تھی، ٹرائل عدالت نے رجوع کے قوانین کو دیکھا لیکن طلاق کے حوالے سے شریعت کو نظر انداز کیا۔
درخواست گزار خاور مانیکا اور گواہان کے بیانات تبدیل ہوتے رہے، بشریٰ بی بی، بانی پی ٹی آئی کے دوسرے پڑھائے گئے نکاح کو بھی مفتی سعید ثابت نہ کر پائے، تاخیر سے شکایت دائر کرنے سے شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔
سول جج نے بھی اپنا غلط عدالتی مائنڈ استعمال کیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔