لیسکو میں خلاف ضابطہ تعیناتیوں اور تبادلوں کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، لیسکو چیف اور ڈائریکٹر ہیومن ریسورس کر طلب کر لیا۔
اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے بدھ کے روز دونوں افسران کو ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا تھا لیکن آخری اطلاعات آنے تک افسران پیش نہیں ہوئے مذکورہ افسران کے خلاف ایف آئی اے میں انکوائری چل رہی ہے افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے الیکشن سے پہلے غیر قانونی طور پر کئی افسران کی تعیناتی اور تبادلے کئے۔
واضح رہے کہ الیکشن سے پہلے ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی ہوتی ہے اور کوئی بھی ایسا آرڈر الیکشن کمیشن سے اجازت لئے بغیر نہیں کیا جا سکتا ہے ایف ائی اے نے تحقیقات کے سلسلے میں مذکورہ افسران کو ریکارڈ سمیت طلب کیا ہے، اسی سلسلے میں لیسکو چیف اور ڈائریکٹر ایچ ار کو طلب کیا گیا اور انہیں کہا گیا کہ وہ ایف آئی اے میں پیش ہو کر اپنا بیان قلم بند کروائیں۔
ایف آئی اے کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹس میں افسران کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ دئے گئے وقت پر حاضر نہ ہوئے تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ افسران کی غیر حاضری کی صورت میں ایف آئی اے کے پاس موجود شواہد کی روشنی میں یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی دونوں افسران کو بدھ کو 1 بجے طلب کیا گیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ الزامات سے متعلق سارا ریکارڈ ساتھ لیکر آئیں۔
افسران کے خلاف انکوائری نمبر 176/23 زیر دفعہ 160,سی ار پی سی ایف آئی اے میں زیر سماعت ہے۔