اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو انتخابی نتائج میں مبینہ ردوبدل کیخلاف شوکت بسرا کی درخواست پر جلد سماعت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں این اے 163 بہاولنگر سے اعجاز الحق کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو شوکت بسرا کی درخواست پر جلد سماعت مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
شوکت بسرا کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی۔ درخواستگزار نے کہا کامیاب قرار دئیے گئے امیدوار اعجاز الحق تیسرے نمبر پر تھے۔ دوسرے نمبر پر موجود امیدوار بھی درخواست میں آئے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تیرہ تاریخ کو ہماری درخواست پر حکم امتناع جاری کیا پھر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے بسرا صاحب آپ آئین اور قانون کو جانتے ہیں، اپنے فارم 45 کو سنبھال کر رکھیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو شوکت بسرا کی درخواست پر جلد سماعت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔