سینیٹ میں پی ٹی آئی ارکان کاعام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کےخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ چیئرمین سینیٹ کی نشست کاگھیراؤکرلیا۔ ہاتھوں میں پلےکارڈ اٹھائےنعرہ بازی کرتےرہے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی الزام تراشی سینیٹ تک جا پہنچی۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس شروع ہوتے ہی تحریک انصاف کے سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ کی نشست کا گھیراؤ کرکے نعرے بازی شروع کر دی۔جبکہ سینیٹ میں جےیوآئی ارکان بھی پی ٹی آئی کےساتھ ہم آوازہوگئے۔
احتجاج کے دوران سینیٹر کامران مرتضیٰ نے ملکی صورتحال کو سقوط مشرقی پاکستان سے مماثل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہارنے اور جیتنے والے دونوں ہی رو رہے ہیں ، اسی طرح کے معاملات میں آدھا ملک توڑ بیٹھے تھے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کل ایوان میں بحث کرانےکی یقین دہانی کراتے ہوئے با ضابطہ تحریک التوالانےکی ہدایت کردی۔چیئرمین سینیٹ کی رولنگ کےبعد احتجاجی ارکان مطمئن ہو گئے اور ایوان کی کارروائی ایجنڈے کے مطابق چلتی رہی ۔ مبینہ انتخابی دھاندلی کے معاملے پر منگل کو گرماگرم بحث کا امکان ہے ۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ قوم کو اچھے کی امید دلائیں ، انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر بحث کل ہوگی ، آج پرائیویٹ ممبر ڈے ہے ، یہ سینیٹ کا الوداعی اجلاس بھی ہے ، 8 مارچ تک چلایا جائے گا ۔