نامزد وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر پہلےکی طرح اب بھی قومی سوچ پرچلیں گےریاست کو درپیش معاشی خطرات کا حل سب کے اتحاد میں ہی ہے ۔
لاہور میں پارٹی رہنماوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس وقت سیاسی استحکام کسی جماعت کی نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے کوشش ہے کہ پاکستان اورعوام کومنڈلاتے ہوئےسنگین خطرات سے بچائیں ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان نوازشریف کےدل کے بہت قریب ہے گوادر سمیت پورے بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہےوہاں دانش اسکول بنائیں گے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ،آئی ٹی اورہنرسکھاکر انہیں زندگی میں کامیاب بنائیں گے ۔
ملاقات کے دوران این اے 14 مانسہرہ سے ن لیگ کےٹکٹ پر کامیاب سابق وفاقی وزیرسرداریوسف سے ملاقات کے دوران عام انتخابات کےدوران کارکنوں اور پارٹی راہنماوں کی محنت کو سراہا سرداریوسف نے وزیراعظم نامزد ہونے پر پارٹی صدر شہباز شریف کو مبارکباد دی ملاقات کے دوران مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی بارہ کچھی بولان سے ن لیگ کی ٹکٹ پر منتخب رکن میر عاصم کرد گیلو نے وزیراعظم نامزد سے ملاقات کے دوران قائد مسلم لیگ ن نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا میر عاصم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے اور سیلاب متاثرین کی مدد پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا دونوں ملاقاتوں میں سینئر پارٹی رہنما ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے ۔