حکومت سازی کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان حکومت سازی کے معاملے پر مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے، ن لیگی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ وفاقی حکومت سازی پر ڈیڈ لاک ختم ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ن لیگ کے آئینی عہدوں سے متعلق معاملات حل ہوگئے، پیپلز پارٹی نے پنجاب میں شیئر مانگا ہے جس پر ن لیگ نے رضا مندی ظاہر کی ہے۔ پنجاب کابینہ میں پیپلز پارٹی کو ایک سے دو وزارتیں دی جائیں گی۔
ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے وفاقی حکومت لینے کی مخالفت نہیں کی منصفانہ فارمولے کی بات کی، پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت میں بھی شامل ہونے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔
ن لیگ وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کے لئے پیپلزپارٹی کی حمایت کرے گی، صدر اور اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا جبکہ گورنر کے عہدے بھی پیپلز پارٹی کو دیئے جائیں گے۔