انڈونیشیا کے وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو نے عام انتخابات کے دوران پہلے راؤنڈ میں 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر لیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو ملک کے اگلے صدر بننے کے لیے تیار ہیں کیونکہ الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق وہ پہلے راؤنڈ میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے نصف سے زیادہ ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔
سوبیانتو نے پولنگ بند ہونے کے چند گھنٹوں بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت لوگوں کی فتح ہے۔
ابتدائی پولنگ کے مطابق سابق جنرل نے 57 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔
72 سالہ پرابوو ایک پولرائزنگ شخصیت ہیں جن کی مقبولیت نے خدشہ پیدا کیا ہے کہ انڈونیشیا اپنے آمرانہ ماضی کی طرف پیچھے ہٹنے کے خطرے میں ہے، آمر جنرل سہارتو کے ماتحت سپیشل فورسز کے سابق کمانڈر اور ان کے داماد پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بھی ہیں۔
ایڈوانسڈ انڈونیشیا کولیشن کے سربراہ پرابوو نے کہا کہ ہمیں شکر گزار ہونا چاہیے، مغرور نہیں ، شائستہ رہنا چاہیے اور یہ فتح انڈونیشیا کے تمام لوگوں کی فتح ہونی چاہیے۔
انہوں نے سابق صدور کا بھی تذکرہ کیا اور سبکدوش ہونے والے صدر جوکو ویدوڈو کی پالیسیوں کو جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔