لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ سمیت 55 ملزمان کی ضمانتیں خارج جبکہ 4 ماہ 14 دن بعد صنم جاوید سمیت 9ملزموں کی ضمانتیں منظور کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں 64 ملزمان کی ضمانتوں پر فیصلہ سنایا ،عدالت نے خدیجہ شاہ ،عالیہ حمزہ سمیت 55 ملزمان کی ضمانتوں پر رہائی کی درخواستیں خارج جبکہ صنم جاوید ، روبینہ جمیل، افشاں طارق آشمہ شجاع، شاہ بانو، سید فیصل اختر کی بھی ضمانت منظور کرلی ۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ملزمان کی ضمانتیں ایک ،ایک لاکھ روپے کےمچلکوں کےعوض منظور کیں ، ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کررکھاہے۔
اس کے علاوہ عدالت نے ملزم قاسم، علی حسن، حسین قادری کی بھی بعد ازگرفتاری درخواست ضمانت منظور کرلی ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے 28 ملزمان کے اشتہار جاری کئے تھے۔ایڈمن جج عنبر گل کی عدالت نے ملزم اعجاز اسلم، مطیع اللہ، سدرہ گیلانی سمیت 28 ملزمان کے اشتہار جاری کرتے ہوئے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کی القادر ٹرسٹ کیس میں زینجرز کی معاونت سےنیب کے ہاتھوں گرفتار کے بعد پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی جانب سے ملک بھر میں جلائو گھیرائو شروع کر دیا گیاتھا۔
اس دوران پی آئی رہنما ئوں اور کارکنوں نے ملک بھر میں عسکری اور سول املاک کو شدید نقصان پہنچا یا تھا،لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں نےجناح ہائوس میں گھس کر املاک کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔
واضح رہے کہ نومئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے،اور بعض افراد کے کیس ٹرائل کیلئے فوجی عدالتوں کو بھیجے جا چکے ہیں۔