پاکستان اور چین کے درمیان معاہدے کے تحت پاک بحریہ کی چھٹی ہنگور کلاس آبدوز کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق جہاز اورآبدوز سازی کی صنعت کا فروغ بحریہ کی اولین ترجیح ہے، جس کیلئےپاک بحریہ کی چھٹی ہنگور کلاس آبدوز کی تیاری شروع کردی گئی ہے، جوکہ جدید ترین ٹیکنالوجی اورہتھیاروں سے لیس ہوگی۔
آئی ایس پی آئی کے مطابق پاکستان میں مقامی آبدوزوں کی ترقی کے منصوبے میں ایک اور سنگ میل کو حاصل کرتے ہوئے، دوسری ہنگور کلاس آبدوز کی کیل بچھانے کی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں ایمبیسی آف چائنہ، میسرز سی ایس او سی (چائنہ)، میسرز ڈبلیو ایس آئی جی (چائنہ) کے نمائندوں اور ایم او ڈی پی اور افواج پاکستان کے معزز مہمانوں سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق سربراہ پاک بحریہ نوید اشرف نے آبدوز کی تیاری میں تعاون پر چینی کمپنی سےاظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ مقامی سطح پر آبدوزوں کی تیاری سے پاک بحریہ کی خود انحصاری مشن کو فروغ ملے گا۔