ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے ، اس سےحوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے شراکت اقتدار کا فارمولہ جلد مکمل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سازی کا مرحلہ عبور کرنےکیلئے ملک کی دو بڑی جماعتوں لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی کمیٹیوں کا پہلامشترکہ اجلاس ہوا۔ جس شراکت اقتدار کا فارمولہ جلد مکمل کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی کےنامزد نمائندگان کے مشاورتی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایک مستحکم جمہوری حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو درپیش معاشی، سیاسی، امن و امان اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا حل نکالا جا سکے اور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، عدم تحفظ کے عفریت سے چھٹکارا دلایا جا سکے۔
دونوں اطراف نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اور مشاورت کے بعد طے ہوا کہ جمعرات کو دونوں کمیٹیاں دوبارہ ملیں گی جس میں مسلم لیگ (ن) کے دیگر صوبوں کے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔ یہ بھی طے پایا کہ دیگر ہم خیال سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔