نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے نگران حکومت کا فارم پینتالیس یا سینتالیس سے کوئی لینا دینا نہیں، آئین کے مطابق آزاد امیدوار بھی وزارت عظمیٰ کا امیدوار بن سکتا ہے ، اکثریت ملے تو آزاد امیدوار وزیر اعظم بھی بن جائے گا ۔
الیکشن کمیشن سےروانگی کے دوران مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا وہ مختلف امور کی انجام دہی کیلئے الیکشن کمیشن آتے جاتے رہتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن بائیس فروری تک مکمل نتائج دینے کا پابند ہے ۔ الیکشن کے حوالے سے اگر کسی امیدوار کو شکایت ہے تو قانونی فورم موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کا عمل جاری رہنا چاہئے، اگر کسی سے زیادتی ہوئی ہے تو اسے انصاف ملنا چاہئے۔ کسی امیدوار کو کوئی شکایت ہے تو اسے قانونی فورمز سے ہی رجوع کرنا چاہئے، بلوچستان حکومت ملکی قوانین کے تحت مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ لوگوں کی مشکلات دور ہوں گی۔
نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا بطور وزیر پارلیمانی امور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر میرے دستخط ہونگے ۔قانونی طور پر جب مناسب اور ضروری ہوگا اجلاس طلب کیا جائے گا۔