نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنادی، ساتھ ہی کہا کہ ویژن بنارہے ہیں کہ اگلے 5 سال میں برآمدات 100 ارب ڈالر پہنچے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری ڈالر کی قیمت میں کمی کیلئے پرامید ہیں، کہتے ہیں ڈالر 250 تک آئے گا۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے عوام کو خوشخبری سنادی۔ کہتے ہیں کہ یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت کم ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ کراچی کی تاجر برادری پورے پاکستان کیلئے بہت اہم ہے، میٹنگ میں کافی چیزوں کی نشاندہی ہوئی، اقدامات کے نتیجے میں ڈالر نیچے آیا، پچھلے سال ڈالر 160 کا تھا، اس سال 300 پر تھا اس لئے مہنگائی زیادہ رہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کرنسی مستحکم ہوئی ہے تو اس کے نتیجے میں قیمتیں نیچے آئیں۔
گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ برآمدات 20 فیصد گھٹ گئیں، 10 ارب ڈالر کا ایکسپورٹ سرپلس موجود ہے، 3 ارب ڈالر کی روئی سرپلس ہوگئی ہے، ملک کا پوٹینشل 100 ارب ڈالر ہے، ویژن بنا رہے ہیں کہ اگلے 5 سال میں برآمدات 100 ارب ڈالر تک پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دوبارہ درست سمت پر چل پڑا ہے، گیس کی قلت ہے ہر کسی کو نہیں دے سکتے، 10 سال میں یہ ملک 3 کھرب ڈالر کی اکانومی بن سکتا ہے۔
گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں امید ظاہر کی کہ ڈالر 250 تک آئے گا، آج فشریز، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں کے صنعتکاروں سے ملاقات کی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک سے بھی ملاقات ہوئی ہے، تاجروں نے توانائی بحران اور ایکسپورٹ کی کمی پر بات کی، مسائل بہت گمبھیر ہیں، جن کو سننے میں اتنا طویل وقت لگا۔
ان کا کہنا ہے کہ تین دن سے صنعتوں کو پانی کی سپلائی بند ہے، افغان مہاجرین سمیت غیرقانونی تارکین وطن ہر بھی بات ہوئی، ہر صوبے میں 10 فائیو اسٹار ہوٹلز ہونے چاہئیں، کوشش ہے کہ آنے والی حکومت سے قبل پالیساں بنالی جائیں۔