اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں علیمہ خان کو ایف آئی اے سائبر کرائم اورانسداد دہشت گردی ونگ کے نوٹسز کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے میں کوئی شکایت یا انکوئری ہے تو اسکی رپورٹ علیمہ خان کو فراہم کی جائے، ایف آئی اے علیمہ خان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی بھی نہ کرے۔ ایف آئی اے آج ہی علیمہ خان کے خلاف انکوائری یا شکایت کی تفصیلات فراہم کرے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو رپورٹ کاپی مل جائے تو آپ اپنا جواب ایف آئی اے کو جمع کروا دیں، اس دوران ایف آئی اے علیمہ خان کو ہراساں نہ کرے۔
وکیل درخواست گزار شیراز رانجھا ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کے پاس کوئی ایسا میٹیریل موجود نہیں جس سے سائبر کرائم ہوا ہو، علیمہ خان کے خلاف جاری انکوائری یا شکایت کو خارج کیاجائے ، چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے رپورٹ منگوا لیتے ہیں دیکھتے ہیں انکوائری ہے بھی کہ صرف شکایت ہے۔