ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے ساتھ ملاقات میں حکومت سازی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے سندھ کی گورنر شپ مانگنے کی خبروں کی بھی تردید کردی۔
ایم کیو ایم پاکستان کا وفد لاہور میں مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقات کے بعد واپس کراچی پہنچ گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے ساتھ ملاقات میں حکومت سازی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، کچھ لوگ مخلوط اور کچھ قومی حکومت کی بات کررہے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتوں اور اداروں کو مل کر ملک کو بحران سے نکالنا چاہئے، سیاسی قوتوں کی محاذ آرائی پاکستان کو بحران میں دھکیلے گی۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مسلم لیگ ن سے سندھ کی گورنر شپ مانگنے سے متعلق خبروں کی بھی تردید کردی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازی سے متعلق پیپلزپارٹی سمیت تمام جماعتوں سے بات کی جانی چاہئے۔