امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انتخابات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو ایک بار پھر قاتلوں کے حوالے کردیا گیا، ماضی سے سبق نہیں سیکھا گیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مقابلہ صرف جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے آزاد ارکان کے درمیان تھا، کراچی کے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، یہ عوام کی توہین ہے، جو کسی صورت برداشت نہیں کریںگے۔
سراج الحق نے انتخابات میں دھاندلی کیخلاف عدالت جانے کا بھی اعلان کردیا، بولے کہ انتخابات شفاف نہیں ہوئے، تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایم کیو ایم پاکستان کو چوتھے نمبر سے اٹھا کر پہلے پر لایا۔
واضح رہے کہ سراج الحق سمیت جماعت اسلامی کے رہنماء دیر سے تمام نشستوں پر انتخابات میں ناکام ہوچکے ہیں۔