سینئر سیاستدان اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے۔
این اے 47 اور 48 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک بھرمیں موبائل فون سروس بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے، امیدواروں کا اپنےایجنٹس اورانتخابی مشینری سے رابطہ کاٹنا زیادتی ہے۔
مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ جب کہیں سے اطلاع آئے گی دیر ہو چکی ہوگی، دھونس اور دھاندلی کے الیکشنز نامنظور ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نگران حکومت نے ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی 8300 ایس ایم ایس سروس بھی متاثر ہونے سے کروڑوں ووٹرز اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کرنے سے محروم ہوگئے۔